ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / کسانوں کی تائیدی قیمت گھٹائے جانے پر وزیر زراعت برہم

کسانوں کی تائیدی قیمت گھٹائے جانے پر وزیر زراعت برہم

Fri, 30 Jun 2017 22:49:47    S.O. News Service

بنگلورو:30/ جون (ایس او نیوز) سنگین خشک سالی سے بدحال کرناٹک کے کسانوں کو زرعی پیداوار پر مرکزی حکومت کی طرف سے مقرر کردہ تائیدی قیمت کی حد کو محض پانچ فیصد رکھے جانے پر وزیر زراعت کرشنا بائرے گوڈانے شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کے رویہ پر احتجاج کیلئے عنقریب وہ وزیر اعلیٰ سدرامیا کے ذریعہ ایک مکتوب روانہ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف وزیر اعظم اور ان کے وزراء یہ دعوے کرتے نہیں تھکتے کہ مرکزی حکومت کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنا چاہتی ہے تو دوسری طرف پچھلے چار پانچ سال سے سنگین خشک سالی سے بدحال ریاست کے کسانوں کی مدد کے معاملے میں مرکز کا رویہ سوتیلا نظر آرہاہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ ہفتہ مرکزی محکمہ ئ زراعت کی طرف سے مختلف زرعی پیداوار کیلئے جاری کی گئی کم از کم تائیدی قیمت کی فہرست میں محض پانچ فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے، اس سے کسانوں کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔افراط زر کی شرح دس فیصد سے متجاوز ہوچکی ہے، ان حالات میں اگر مرکزی حکومت تائیدی سبسیڈی کی رقم دس فیصد رکھتی تو کسانوں کو تھوڑی بہت مدد مل جاتی۔ پچھلی یوپی اے حکومت نے زرعی پیداوار میں خسارہ کی صورت میں کم از کم تائیدی قیمت کی حد پندرہ فیصد طے کی تھی، اس سے کاشتکار اپنی پیداوار بازاروں میں آسانی سے فروخت کرتے تھے، لیکن اب مرکزی حکومت کے رعیت دشمن رویہ کی وجہ سے ریاست کے کسانوں کی طرف سے کاشت کی گئی راگی، دھان، جوار، تور، پیاز، ٹماٹر وغیرہ کی فصلیں فروخت ہونے کے قابل نہیں رہیں گی۔ ریاستی حکومت کی طرف سے ہمہ وقت کسانوں کی مدد کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں اور آئندہ بھی کئے جائیں گے۔ قبل از مانسون فصلوں کی تباہی کیلئے مرکزی حکومت کی طرف سے 795  کروڑ روپیوں کی امداد کے متعلق کرشنا بائرے گوڈا نے کہاکہ یہ امداد صرف منظور کی گئی ہے ابھی جاری نہیں کی گئی ہے۔ رقم جاری ہونے کے بعد فوری طور پر اسے کسانوں کے کھاتوں میں جمع کرادیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت نے مرکزسے قبل از مانسون فصلوں کی تباہی سے نمٹنے کیلئے 3300 کروڑ روپیوں کا تقاضہ کیا تھا، اور توقع تھی کہ کم از کم ایک ہزار تا بارہ سو کروڑ روپے جاری کئے جائیں گے، لیکن وزیر مالگذاری کاگوڈ تمپا اور انہوں نے جب مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی تو اس مرحلے میں 795کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی۔


Share: